تامل ناڈو: بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ایک جنگلی ہاتھی کے حملے میں 77 سالہ جرمن سیاح ہلاک ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جرمن شہری موٹرسائیکل پر ٹائیگر ویلی سے گزر رہا تھا جب اچانک ایک بپھرا ہوا ہاتھی اس کے سامنے آگیا۔ پولیس کے مطابق، ہاتھی نے سیاح پر حملہ کیا اور اسے اٹھا کر درختوں میں پھینک دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہاں سے گزرنے والے دیگر افراد نے ہاتھی کو دیکھ کر احتیاط برتی اور اس طرف جانے سے گریز کیا، لیکن جرمن سیاح نے وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔
حملے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر ایمبولینس کو اطلاع دی اور زخمی سیاح کو اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے جرمن شہری کی فیملی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مگر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہاتھی کی موجودگی کے باوجود سیاح نے خطرے کو نظر انداز کیا، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔