پرنس کریم آغا خان کی وفات: گلگت بلتستان میں تین روزہ سوگ اور کل عام تعطیل کا اعلان

پرنس کریم آغا خان کی وفات: گلگت بلتستان میں تین روزہ سوگ اور کل عام تعطیل کا اعلان

گلگت بلتستان   :گلگت بلتستان حکومت نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر 6 فروری کو کل عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ، تین روزہ سوگ کا بھی آغاز کیا گیا ہے جس دوران تمام سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہے گا۔

حکومت نے عام تعطیل کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 6 فروری کو گلگت بلتستان بھر میں تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔ وہ 1957 میں اپنے دادا سلطان محمد شاہ آغا خان کی وفات کے بعد اسماعیلی مسلمانوں کی قیادت سنبھال چکے تھے۔

گلگت بلتستان میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد آباد ہے اور پرنس کریم آغا خان نے علاقے میں تعلیم، صحت اور فلاحی کاموں میں نمایاں خدمات انجام دیں، جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کے دلوں میں ان کا خاص مقام تھا۔