اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور بھارت کی جانب سے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کشمیری عوام کے ساتھ ایک سنگین ناانصافی ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور جب تک وہ اپنا حقِ خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے، یہ حمایت جاری رہے گی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال سے زائد عرصے سے بھارتی افواج کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام پر ظلم روکا جائے۔
پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیریوں کی پشتیبان ہے اور اس نے ہمیشہ تحریکِ جدوجہدِ آزادی کشمیر میں سیاسی و سفارتی محاذ پر کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کشمیر تک پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے۔