لاہور لبرٹی چوک میں یوم یکجہتی کشمیر کی تاریخ ساز تقریب

05:04 PM, 5 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور کے لبرٹی چوک میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لبرٹی چوک میں شمع آزادی روشن کی اور شہدا کشمیر کی یادگار پر پھول چڑھا کر ان کو نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کی اس تقریب میں ایک علامتی خاموشی اختیار کی گئی، جس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہدا کشمیر کے لیے دعائے مغفرت کی اور مظلوم کشمیری عوام کے لیے دعائیں بھی کیں۔

تقریب میں کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے لبرٹی چوک میں ایک پکچر وال کی نمائش کی گئی، جس میں کشمیری رہنماؤں اور شہداء کی تصاویر کو سلاخوں کے ذریعے علامتی جیل میں دکھایا گیا۔ اس کے علاوہ، لبرٹی چوک کے راؤنڈ اباؤٹ پر "دیوار شہداء حریت کشمیر" کے دیوار گیر بل بورڈ بھی نصب کیے گئے تھے۔

تقریب کے دوران بھارتی مظالم اور بربریت کو اجاگر کرنے کے لیے لبرٹی چوک کے اطراف میں مختلف پینا فلیکس آویزاں کیے گئے، جن میں کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کی تصاویر شامل تھیں۔

یہ تقریب کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی آزادی کے حق میں عالمی برادری کو متوجہ کرنے کی ایک اہم کوشش تھی۔

مزیدخبریں