کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا: آرمی چیف جنرل عاصم منیر

03:28 PM, 5 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

مظفر آباد:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، اور پاکستان کی مسلح افواج اپنی سرحدوں کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے۔

آرمی چیف نے کشمیر میں تعینات افسران اور سپاہیوں کی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیلنجنگ آپریشنل حالات میں انتہائی بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ جنرل عاصم منیر نے جوانوں کی جنگی تیاریوں اور بلند حوصلے کو بھی سراہا، اور کہا کہ ان کی غیر متزلزل لگن پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا ایک اہم جزو ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اشتعال انگیزیوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آزاد کشمیر کے دورے کے دوران کشمیری عمائدین اور ویٹرنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ ہمیشہ کے لیے لازم و ملزوم ہے۔ انہوں نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا اور آج بھی ہے، اور یہ ہمیشہ پاکستان کا حصہ رہے گا۔

آرمی چیف نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ آزادی کی شمع کشمیری عوام کی ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہوتی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم متحد اور مضبوط رہیں تو ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کی سرزمین کو قدرتی حسن اور وسائل سے نوازا ہے، اور اگرچہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت زیادتی ہو رہی ہے، مگر یہ ظلم ہمیشہ کے لیے نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام نے خود کرنا ہے، نہ کہ مقبوضہ کشمیر میں کسی غاصب فوج کو۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے حق میں تین جنگیں لڑیں اور اگر ضرورت پڑی تو دس اور جنگیں لڑیں گے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس قول کو دہراتے ہوئے کہا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے"، اور یہ شہ رگ کو جسم سے کاٹنے کا مطلب زندگی کا خاتمہ ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مسلمانوں کو دشمن کی تعداد یا ہتھیاروں سے خوف نہیں آتا، کیونکہ ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کی بنیاد پر اللہ کا گروہ ہمیشہ غالب رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا اور آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

آرمی چیف کے خطاب کے بعد کشمیری عمائدین نے کہا کہ اگر پاک فوج نہ ہوتی، تو ہمارا حال فلسطین سے بھی بدتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور کشمیری عوام کا رشتہ ناقابلِ شکست ہے، اور پاک فوج کی موجودگی نے کشمیریوں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔

کشمیری عوام نے کہا: "ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور جموں کشمیر کی عوام پاکستان کے ساتھ جڑی رہیں گے۔ پاکستان سے بڑھ کر کشمیر کا کوئی ترجمان نہیں ہو سکتا۔"

مزیدخبریں