پاکستان کا چین سے پولیس کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آلات خریدنے کا فیصلہ

02:45 PM, 5 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

بیجنگ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان چین سے پولیس کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آلات حاصل کرے گا۔ محسن نقوی نے چین کے اپنے دورے کے دوران چینی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں انٹیلی جنس شیئرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں پیرا ملٹری فورسز کی مدد سے بارڈرز کو محفوظ بنانے کے لیے تعاون پر بھی بات چیت کی گئی، اور پولیس و پیرا ملٹری فورسز کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا، اور اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے یہ بھی بتایا کہ جنوری میں ہونے والی جوائنٹ ورکنگ گروپ کی میٹنگ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی، اور وزیر داخلہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

مزیدخبریں