پاکستان کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، اب مثبت تبدیلی آ رہی ہے: نواز شریف

02:38 PM, 5 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، لیکن اب ملک میں ٹھہرائو آنا ایک خوش آئند اور مثبت تبدیلی ہے۔

ملاقات میں گوجرانوالہ، نارووال اور سیالکوٹ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی، اور اس دوران ملک کی موجودہ صورتحال اور پنجاب میں جاری عوامی خدمت کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں کمی اور سٹاک ایکسچینج کی بلندی معاشی استحکام کی طرف اشارہ ہیں، اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں اضافہ خوشگوار تبدیلی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پستی کی طرف دھکیلنے کے بعد اب اس میں ٹھہرائو آنا ایک امید افزا پیش رفت ہے۔

نواز شریف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ وفاق میں بھرپور محنت کر رہے ہیں، جبکہ مریم نواز پنجاب میں ایک ماں اور بیٹی کے جذبے سے عوامی خدمت کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔

ارکان پنجاب اسمبلی نے مریم نواز کے عوامی خدمات کے منصوبوں پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ مریم نواز نے ایک سال کے اندر ہر طبقے کی بحالی کے پروگرام متعارف کرائے ہیں، جس سے عوام کی زندگیوں میں بہتری آئی ہے۔

مزیدخبریں