لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام جلد آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت خون کی طرح دوڑتی ہے اور وہ کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں جنہوں نے حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ سلام ان کشمیری بہن بھائیوں کو جو سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و سفاکیت کا مقابلہ کر رہے ہیں، اور بھارتی بربریت نے جنت نظیر کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں جاری خونریزی اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔