ریاض : سعودی عرب نے اپنے موقف کو ایک بار پھر دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کرے گا۔ سعودی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ سعودی عرب کا مؤقف اس حوالے سے مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق، سعودی ولی عہد نے بھی اس موقف کی کھلے طور پر تصدیق کی ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی تشریح کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سعودی عرب نے یہ بھی کہا کہ فلسطینیوں کے حقوق سے متعلق اس کے موقف پر کوئی گفت و شنید نہیں ہو سکتی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے منصوبے میں کہا تھا کہ وہ غزہ میں دنیا بھر کے لوگوں کی آبادکاری دیکھتے ہیں اور اس ضمن میں سعودی عرب کی مدد کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ تاہم سعودی عرب نے اس پر اپنے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔