یوم یکجہتی کشمیر: صدر مملکت اور وزیراعظم کا کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

یوم یکجہتی کشمیر: صدر مملکت اور وزیراعظم کا کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد : یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں کشمیری عوام کے ساتھ اپنے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا سامنا ہے، جہاں بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کے 77 سال قبل کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرے، اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حق خود ارادیت عالمی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، اور کشمیری عوام خوف و دہشت کی فضا میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیرینہ تنازعات کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے، اور اس تنازعہ کے حل کے لیے عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔ وزیراعظم نے کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سراہا جو اپنے حقوق اور آزادی کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ہر فرد کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کشمیری عوام کی آزادی میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی آواز بن کر ان کی جدوجہد کا حصہ رہے گا۔

مصنف کے بارے میں