لزبن : اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا، پرنس کریم آغا خان، 4 فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 88 برس تھی اور انتقال کے وقت ان کے اہل خانہ ان کے پاس موجود تھے۔ پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے اور ان کی رہنمائی نے دنیا بھر میں اس کمیونٹی کے افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائیں۔
ان کی نماز جنازہ لزبن میں ادا کی جائے گی، تاہم تدفین کی جگہ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ اسماعیلی جماعت نے درخواست کی ہے کہ نماز جنازہ میں صرف مدعو افراد ہی شرکت کریں، جبکہ اس کی براہ راست نشریات کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس دوران اسماعیلی کمیونٹی کے جماعت خانوں میں خصوصی دعائیں شروع کر دی گئی ہیں۔
پرنس کریم آغا خان کی وصیت کے مطابق ان کے جانشین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اسماعیلی عقیدے کے مطابق امام کے جسمانی دنیا سے رخصت ہونے کے ساتھ ہی ان کی روحانی روشنی ان کے نامزد جانشین کو منتقل ہو جاتی ہے۔ یہ سلسلہ 1400 برس سے قائم ہے۔