واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے ایک میمو پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت انہوں نے کہا کہ ایران کو نیوکلیئر ہتھیار نہیں بننے دیے جائیں گے۔ ٹرمپ نے منگل کو اس میمو پر دستخط کرتے ہوئے ایرانی حکومت کو سخت پیغام دیا کہ وہ ایران کے جوہری ہتھیار بنانے کی کوششوں کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ ایران نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری کے قریب پہنچ چکا ہے اور وہ ایرانی تیل کی دیگر ممالک کو فروخت پر پابندی لگانے کا اختیار رکھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایران نے امریکہ پر حملہ کیا یا صدر ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تو ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔
ٹرمپ نے چین سے متعلق بھی اپنی پالیسی کا ذکر کیا اور کہا کہ اگر چین نے جوابی ٹیرف عائد کیے تو انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے ایک اور اہم بیان میں کہا کہ امریکی امداد میں فراڈ ہو رہا ہے اور وہ اسے بند کرنا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے امریکی محکمہ تعلیم بھی بند کر دیا جائے۔ علاوہ ازیں، انہوں نے کہا کہ امریکی مجرموں کو کسی دوسرے ملک کی جیلوں میں قید کرنا ایک درست اقدام ہوگا، کیونکہ کئی ممالک اس بات پر تیار ہیں کہ وہ امریکی مجرموں کو اپنے ہاں قید رکھیں۔