اسلام آباد : سینیئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے اداروں کے اندازے کے مطابق ن لیگ حکومت بنائے گی، مسلم لیگ (ن) 100 سے 110 نشستیں متوقع ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کو 60 سیٹیں ملیں گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے سہیل وڑائچ کا کہنا تھاکہ دو باتیں ہیں کہ ابھی تک کوئی معتبر سروے نہیں آیا جس کی بنیاد پر ہم الیکشن رزلٹ پر اور نہ ہی اس دفعہ عوامی جذبات کو اور تیسرا ایسی چیزیں بھی ہوئی ہیں جو الیکشن میں نہیں ہوتیں، اس دفعہ زیادہ ہوئی ہیں یہ تین عوامل ہیں جس کی وجہ سے الیکشن کے نتیجے کی پیش گوئی کرنا مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی ادارے ہیں ان کے کچھ اندازے ہیں یہ دیکھ رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن لیڈ کرے گی، مسلم لیگ (ن) 100 سے 110 نشستیں حاصل کرسکتی ہے، یہ سب اگر مگر پر ہے، اگر پی ٹی آئی کا 60 فیصد والا ووٹ نکل آیا تو یہ اندازہ غلط ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح ان کا اندازہ ہے 50 سے 60 سیٹیں پیپلزپارٹی لے گی کیونکہ اندرون سندھ میں ان کے مدمقابل کوئی بھی طاقت اس وقت موجود نہیں، کراچی میں ان کی پہلے 5 سیٹیں تھیں اور اس دفعہ کوشش کر رہے ہیں 8 سے 10 نشستیں لیں۔
سہیل وڑائچ کا کہنا تھاکہ اگر ان اندازوں کو مانا جائے تو اس کا مطلب ہے کہ وفاق میں ن لیگ اور پی پی میں اتحاد نہیں ہوگا، بلوچستان اور پنجاب میں ن لیگ، سندھ میں پیپلزپارٹی اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی ۔