ملتان: چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے کہا مانتا ہوں عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے۔ بلنڈر کا اعتراف کافی نہیں، ملک کے ماتھے پر لگا داغ دھونا پڑے گا۔
مریم نواز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے کہا کہ عمران خان تاریخ کا وہ بدترین بلنڈر تھا جس نے ملک کے ہر کونے میں تباہی مچائی۔ اس گھڑی چور کو سیاست اور ملک سے اٹھا کر باہر پھینکنا پڑے گا گھڑی چور اور اس کے ساتھی اب ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔ کہا تھا ایک وقت آئے گا جب گھڑی چور اور اس کے ہمنوا ایک دوسرے سے لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹینکوں کے آگے لیٹنے کا دعویٰ کرنے والے آج بلک، بلک کر رو رہے ہیں۔ پہلی بار یہ لوگ بے فیض ہوئے ہیں تو سمجھ نہیں آرہی کرنا کیا ہے۔ یہ لوگ فیض کی بیساکھیوں کے سہارے حکومت کرتے رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے جیل میں وقت گزارا، بیوی بستر مرگ پر تھی کسی نے اسے روتے دیکھا۔ بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا ، کیا کسی نے نواز شریف کو روتے دیکھا۔ جیل میں خود بھی بیمار ہوا تو کیا کسی نے نواز شریف کو جیل میں روتے دیکھا۔ یہ 5،5 دن کی جیلوں پر رو رہے ہیں، ہم 5،5 ماہ اور 2،2 سال کی جیلیں ہنس کر کاٹ کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں عمران خان نے خواتین کو اپنے گھر کے باہر کھڑا کیا کہیں گرفتار نہ کرلیا جائے۔ کبھی جو کہتا تھا بچوں کی طرح رلاؤں گا، آج وہ خود بچوں کی طرح رو رہا ہے۔ اگر تم میں حوصلہ نہیں تو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو دیکھ لو اور حوصلہ کرو۔
مریم نواز نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے۔ کشمیر کی وادیوں، شہدا، ماؤں، بیٹیوں اور بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ایک دن مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر ضرور پاکستان بنے گا۔