اسلام آباد :مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہاہے ۔
کشمیر ی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے صبح 10بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ، ملک بھرمیں ریلیاں نکالی جائیں گی ، تقریبات کاانعقاد بھی کیا جائے گا۔کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا جائے گی ۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا ، وزیراعظم شہباز شریف کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے ،اسلام آباد میں کُل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر جماعتیں اقوام متحدہ کے دفتر میں یو این او کی قراردادوں کے تحت کشمیر میں استصواب رائے کرانے کے مطالبے پر مشتمل یادداشتیں پیش کریں گی۔