وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا  5 فروری 2023 کویوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام 

12:01 AM, 5 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد( سردار شیراز خان) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہیں  75 سال سے زائد عرصے سے وحشیانہ بھارتی جبر کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع جاری پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے ہیں اور انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھاہوا ہے۔ آج، بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے علاقوں میں سے ایک ہے، جہاں 900,000 سے زیادہ قابض بھارتی فوج تعینات ہے۔

 بھارت نے5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے  غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو دبانے کا  نیا باب کھول دیا ہے۔  بھارتی حکمرانوں نےانتخابی حلقوں کی تازہ حد بندی، غیر کشمیریوں کو لاکھوں ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا اجراء اور ووٹر لسٹوں میں لاکھوں غیر کشمیریوں کو شامل کیاہے جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

کشمیری مسلسل خوف کی حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں کیونکہ بھارتی فورسز کی طرف سے "محاصرے اور تلاشی" کی کارروائیوں میں طاقت کے اندھا دھند استعمال اور ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو من مانی غیرقانونی حراستوں، تشدد اور جائیدادوں کی ضبطی کا سامنا ہے۔

بھارت کو غیر قانونی مقبوضہ  جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی اپنی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرنا ہوں گی۔ بھارت آبادیاتی ڈھانچےمیں تبدیلیوں سمیت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لے۔بھارت سخت قوانین کو منسوخ کرے ماورائے عدالت قتل کے معاملات میں اقوام متحدہ کی طرف سے دی گئی تحقیقات کی اجازت دے  اورجموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان کبھی بھی چین سے نہیں بیٹھے گا اور خاموش تماشائی نہیں بنے گا۔ جموں و کشمیر کا تنازع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون رہے گا۔ ہم کشمیری عوام کی اس وقت تک غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔ 

مزیدخبریں