واشنگٹن:یوکرین پر روس اور مغربی ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافے کے بعد امریکی فوجیوں کا ایک دستہ جرمنی پہنچ گیا ہے۔
امریکی ملٹری کی یورپین کمانڈ کے مطابق، ان فوجیوں کو بھیجنے کا مقصد یوکرین کی سرحد پر روس کی موجودگی کے تناظر میں مشرقی یورپ اور جرمنی میں نیٹو اتحاد کے موجودگی کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
چند روز قبل، امریکی صدر جو بائیڈن نے تین ہزار امریکی فوجی جرمنی ، پولینڈ اور رومانیہ روانہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ روز امریکا کا کہنا تھا کہ روس یوکرائن پر حملہ کرنے کا بہانہ بنانے کے لیے جو سازش کر رہا ہے اس کے ثبوت اس نے حاصل کر لیے ہیں۔
ماسکو نے یوکرائن کی سرحد پر بڑی تعداد میں فوجی تعینات کیے ہیں تاہم وہ حملے سے انکار کرتا آ رہا ہے ،امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا کہ امریکا کے پاس ایسی خفیہ معلومات ہیں، جن سے پتہ چلتا ہے کہ روس یوکرائن پر حملہ کرنے کا بہانہ بنا رہا ہے۔ روس نے یوکرائن کے ساتھ اپنی سرحدوں پر دسیوں ہزار فوجیوں کو جمع کر رکھا ہے تاہم وہ اس بات سے انکار کرتا ہے کہ وہ حملہ کرنے کا کوئی منصوبہ بنا رہا ہے۔
ادھر ماسکو نے امریکا پر الزام لگایا ہے کہ وہ نیٹو کے مشرقی حصے کو تقویت دینے کے لیے خطے میں مزید فوجیوں کو تعینات کر کے کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔