راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ کارروائی میں 20 دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں نے 2 فروری کو سکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔
بیان کے مطابق نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی آج جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے اور 6 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران ان آپریشنز میں افسر سمیت 9 جوان شہید ہوئے جبکہ چھ زخمی ہوئے۔ ان حملوں میں ملوث 3 دہشت گرد گذشتہ روز ہلاک کئے گئے جن میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھے۔
بیان کے مطابق نوشکی اور پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ کلیئرنس آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 20 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہر قیمت پراپنی سرزمین سے دہشگردوں کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔