بیجنگ:وزیراعظم عمران خان سے ازبک صدر کی بیجنگ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں ترجیحی تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق ، ٹرانس افغان ریلوے منصوبے سمیت دو طرفہ امور اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان سے ازبکستان کے صدر نے بیجنگ میں ملاقا ت کی جس کے دوران دوطرفہ امور اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنمائوں نے شراکت داری کو بڑھانے اور اہم منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ ،،وزیراعظم عمران خان نے ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ، تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور سیاحت کو بڑھانے، براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے، بینکنگ روابط کو مضبوط بنانے اور ویزا کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا،دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شراکت داری کو وسیع کرنے اور اہم منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ترجیحی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ کہ پاکستانی عوام ازبک صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ،دونوں رہنماؤں نے تعلیم اور ثقافت میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ تحقیق اوربابری ورثے پر مشترکہ فلم اور ازبک زبان میں پاکستانی ڈراموں کی ڈبنگ سمیت میڈیا منصوبوں پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں میں علاقائی امن و استحکام پر بھی بات ہوئی ،ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان علاقائی استحکام کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے اور رابطے کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے بھی ضروری ہے۔