ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ آئی پی ایل کیلئے پی ایس ایل کو چھوڑ کر بھارت پہنچ گئے

05:14 PM, 5 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کی ٹیم ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اور زمبابوے کے سابق وکٹ کیپر بیٹر اینڈی فلاور آئی پی ایل کے لیے پی ایس ایل چھوڑ کر بھارت پہنچ گئے۔

اینڈی فلاور آئی پی ایل کی بولی میں شرکت کے لیے بھارت روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ آئی پی ایل کی نئی ٹیم لکھنو سپر جائنٹس کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل آکشن میں شرکت کے بعد اینڈی فلاور 13 فروری کو دوبارہ پاکستان پہنچیں گے اور کووڈ پروٹوکول کے تحت قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد اپنی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم 10 روز تک بغیر کوچ کے ٹورنامنٹ میں شریک ہو گی اور ملتان کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس دوران اینڈی فلاور ٹیم کو ورچوئل طریقے سے دستیاب ہوں گے اور ان کی غیر موجودگی میں ڈپٹی ہیڈ کوچ مشتاق احمد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کرائیں گے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم 5 اور 10 فروری کو پشاور زلمی کے مدمقابل ہو گی جبکہ 11 فروری کو ملتان کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہو گا اور اینڈی فلاور اپنی ٹیم کو کراچی کنگز کے خلاف 16 فروری کے میچ سے قبل جوائن کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پوانٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 4 میچز میں 4 فتوحات کے ساتھ اس پر سرفہرست ہے۔

مزیدخبریں