برسلز: بیلجیم کے دارالحکومت برسلزمیں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے شمعیں روشن کرکے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے محکوم لوگوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیاگیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شمعیں روشن کرنے کی تقریب کشمیرکونسل یورپ کے زیراہتمام برسلز کے سنٹرل سٹیشن کے سامنے یورپین اسکوائر پر منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر موجود بڑی تعداد میں یورپی باشندوں نے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ جموں کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی دلچسپی ظاہر کی ۔
شمعیں روشن کرنے کی تقریب کے منتظمین میں کشمیرکونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید، ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد جوشی، ممتاز دانشور راؤ¿ مستجاب، سماجی شخصیت کینتھ رائے ، سماجی شخصیات سلیم میمن اور فاروق راجپوت شامل تھے۔ منتظمین نے یورپی لوگوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کے بارے میں بتایا۔مقبوضہ کشمیر کی حالات کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
علی رضا سید نے اس موقع پر اپنی تقریر میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے شرکا کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کے کئی دلخراش واقعات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے لیے پر امن جدوجہد کر رہے ہیں او ر بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے انکی تحریک کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے۔
علی رضا سید نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں پروگرام کے منتظمین نے انسانی حقوق کے کشمیری علمبردار خرم پرویز ، محمد احسن انتو اور صحافی سجاد گل کی تصاویر اٹھارکھی تھیں ۔ انہوںنے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔