ریاض ، سعودی عرب میں مساجد کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی ۔
سعودی عرب کے وزیر اسلامی امورڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کرونا وبا سے نمٹنے کے سرکاری مشن میں تعاون کرتے ہوئے مساجد میں تمام دعوتی سرگرمیاں معطل کر دیں اور آئندہ سارے دعوتی پروگرام آن لائن کرنے کا حکم دے دیا ۔
سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور کے مطابق نمازوں کے اوقات اور مساجد کھولنے اور بند کرنے کے حوالے سے متعدد پابندیاں لگا دی گئی ہیں ۔مساجد کے حوالے سے نئی اوقات کار کے مطابق اذان اور تکبیر کے درمیان کا وقفہ دس منٹ سے زیادہ کا نہیں ہوگا، البتہ فجر میں نماز اور اذان کا وقفہ بیس منٹ تک کا رہے گا، جب کہ مساجد اذان پر کھلیں گی اور نماز کے دس منٹ بعد بند کردی جائیں گی۔
جمعے کی نماز کے لیے جامع مساجد اذان سے 30 منٹ پہلے کھولی جائیں گی اور نماز کے پندرہ منٹ بعد بند کردی جائیں گی- جمعہ کے خطبات نماز سمیت 15 منٹ سے زیادہ نہیں ہوں گے-
وزیراسلامی امور کا کہنا تھا کہ تمام مساجد کے منتظمین کورونا وبا سے متعلق سابقہ ہدایات کی پابندی کرائیں- اس حوالے سے ہر نمازی جا نماز اپنے ہمراہ لائیں اور حفاظتی ماسک پہنیں اور ایک نمازی سے دوسرے کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھا جائے-وزیر اسلامی امور نے مساجد، وضو خانوں اور طہارت خانوں کی سینٹائزنگ کا کام ہنگامی بنیادوں پر بڑھانے کا حکم بھی جاری کردیا ہے- وزیر اسلامی امور نے مساجد میں صاف ستھری ہوا کا دھیان رکھنے کی بھی تاکید کی ہے۔