لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان پہلے بھی کشمیر کے ساتھ تھا آج بھی ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ یقین ہے کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں۔
عثمان بزدار نے گورنر ہاؤس میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے حقیقی وکیل ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پوری قوم یک زبان اور یکجا ہو کر یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے۔ دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان پہلے بھی کشمیریوں کے ساتھ تھا اور رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے ، یورپ کے مختلف پارلیمنٹیرین اور غیر جانبدار عالمی ادارے بھی بھارتی جارحیت پر آواز اٹھا رہے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے بھرپور انداز سے لڑا ہے۔ کشمیریوں کی سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی ، بھارت کو رسوائی کا سامنا ہوگا اور کشمیریوں کو اللہ تعالیٰ سرخرو کریں گے۔
ادھر گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں سے آج یکجہتی کا دن ہے ، کشمیریوں کی جدوجہد میں پاکستانی عوام انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی ، کشمیر بنے گا پاکستان۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں ، وزیراعظم نے پوری دنیا میں کشمیر کا مقدمہ احسن انداز میں لڑا ، کشمیریوں کا پیغام دنیا میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو دنیا بھر میں اجاگر کریں گے۔ چودھری سرور نے کہا کہ یورپی ممالک میں کشمیرویں نے بہترین انداز میں اپنا مقدمہ پیش کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم ، کشمیری ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ضرور کامیاب ہو گی ، انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کو پیغام دیتے ہیں کہ پوری پاکستان قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔