اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عوامی خواہشات ، یو این قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ، اس انسانی المیے کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر پر آرمی چیف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بدترین ظلم ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام قابض بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں ، جنرل باجوہ نے مزید کہا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کا عزم وہمت سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کشمیر سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے ۔ یوم یکجہتی کشمیر سے قبل سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں کشمیریوں کا پاکستان سے والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان کی تصاویر والے پوسٹرز نصب کرکے اظہارِ تشکر بھی کیا گیا۔
ادھر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغامات میں کہا ہے پاکستان کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کی حمایت کرے گا۔