گجرات: مسلم لیگ کی قیادت نے حکومت سے ایک بار پھر معاہدے اور وعدوں پر عملدرآمد کا مطالبہ، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کہتے ہیں کہ حکومت اور اتحادی ایک کشتی کے سوار ہیں، حکومت وعدوں پر عملدآرمد کرے۔
تفصیلات کے مطابق ، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے سیالکوٹ میں پارٹی رہنما چودھری سلیم بریار کی رہائش گاہ پر انصر بریار، عمر ڈار اور باو رضوان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں کسی بھی فیصلے کیلئے اپنی پارٹی سے رجوع کریں گے۔
حکومت کے ساتھ ہمارا بنیادی معاہدہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔ حکومت کو مشورہ ہے کہ اپنے معاملات درست کرے، ہماری پوزیشن واضح ہے دوسرے اتحادی بھی اپنی پوزیشن واضح کریں۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ جو وعدے اور معاہدے کیے گئے، ان کو پورا کیا جائے حکومت کے اتحادی اور ایک کشتی کے سوار ہیں اگر حکومت ڈوبتی ہے تو اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے ڈوبے گی۔
رہنما مسلم لیگ ق چوہدری مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ ہم کچھ زیادہ نہیں کہتے صرف یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ جو معاہدہ کیا گیا حکومت اسے پورا کرے۔ ہم نے حکومت کی گردن پر بندوق رکھ کر معاہدہ نہیں کیا، اسے سوچنا چاہئے کہ جو طے کیا ہے اس پر عمل کرے۔