اسلام آباد : جنت نظیر وادی کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ملک میں آج عام تعطیل ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی آج کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کےلئے یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں، اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کیلئے آج پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے، سیمینارز میں شرکا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں منعقد کی جائے گی جس میں کشمیر کمیٹی کے ارکان شرکت کریں گے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں بھی آج کے دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، حکومت کی جانب سے سفارتخانوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دوسرے ممالک کو خطوط لکھیں۔
مظفر آباد کے کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی اور کشمیریوں کو پیغام دیا جائے گا کہ ان کے پاکستانی بھائی ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور کئی ماہ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے رواں سال یوم یکجہتی کشمیر معمول سے ہٹ کر منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دن 10بجے ایک منٹ کےلئے خاموشی اختیار کی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ریلیوں سے صوبائی وزیراعلیٰ خطاب کریں گے جبکہ ہر ضلع کی سطح پر ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی تقاریب کے ذریعے کشمیریوں سے بھرپوریکجہتی کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے اور شام کو میر پور میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔