راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں حکومت سے بے لگام غیر اخلاقی آزادی اظہارِ رائے کے خلاف فوری اور سخت قوانین بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر شہدائے افواج پاکستان، سکیورٹی اہلکاروں اور پاکستانی شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم نے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فلسطین میں جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ مزید براں، پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر زور دیا گیا۔