پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان، ہنڈرڈ انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

11:57 AM, 5 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی :  پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے اور کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی مارکیٹ میں مثبت تحریک دیکھنے کو ملی۔ ٹریڈنگ کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ہنڈرڈ انڈیکس میں 1600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں یہ انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 6 ہزار 757 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سٹاک مارکیٹ میں 545 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا اور ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 5 ہزار 104 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ اس وقت مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط نظر آ رہا ہے اور اس تیزی سے سٹاک مارکیٹ میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے چوتھے روز ڈالر مزید 7 پیسے سستا ہوا اور 277.92 روپے سے کم ہو کر 277.85 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اس سے روپے کی قدر میں بھی بہتری آئی ہے، جو کہ معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔

مزیدخبریں