روس پاکستان کو ڈسکاؤنٹ پر خام تیل فراہم کرے گا: مصدق ملک

05:11 PM, 5 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس کا دورہ توقع سے بھی زیادہ کامیاب رہا ۔ روس نے فیصلہ کیا ہے وہ پاکستان کو ڈسکاؤنٹ پر خام تیل فراہم کرے گا ۔

نیوز کانفرنس میں مصدق ملک نے کہا کہ روس پاکستان کو پٹرول اور ڈیزل بھی کم قیمت پر فراہم کرے گا ۔ روس کی پاکستان کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی کم قیمت دنیا بھر سے کم ہوگی ۔ ہمیں اگر آگے بڑھنا ہے تو ملک میں توانائی میں اضافہ چاہیے ۔ توانائی کی ضرورت پوری کرنے اور آگے بڑھنے کیلئے دوسرے ممالک کے دورے کر رہا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس کو صبح 6 بجے سے 9 بجے تک ناشتے کے وقت عوام کو گیس دینے کا کہا ہے۔ دوپہر 12 سے 3 بجے اور شام 6 سے 9 بجے بھی گیس فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرمملکت برائے پٹرولیم نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے کارخانوں کی چمنیوں سے ہر وقت دھواں نکلنا چاہیے کیونکہ کارخانوں سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے ۔ کارخانوں سے اٹھنے والا دھواں صاف ہو جس سے ماحولیاتی مسئلہ نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زراعت میں خودکفیل ہونا پڑے گا ، پاکستان میں ترقی کی شرح کو بڑھانا بہت ضروری ہے ۔ پاکستان کی معیشت بڑھے گی تو لوگوں کو روزگار ملے گا ۔ جب روزگار نہیں ہوگا تو وہ لوگ جو ڈگری لے کر نکلتے ہیں کہاں جائیں گے ۔ وزیراعظم کا کہنا ہے وہ چاہتے ہیں ہر نوجوان کو روزگار ملے ۔

مزیدخبریں