اسلام آباد: حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس آج ہو رہا ہے۔ اجلاس میں لانگ مارچ اور استعفوں کے حوالے سے اہم اعلان کیا جائے گا۔
نیو نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کی صدارت تین بجے مسلم لیگ ن سیکٹریٹ میں ہوگا پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اہم اجلاس کی تجاویز پر غور کیا جائے گا ۔
اجلاس میں پی ڈی ایم کی آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی ۔ لانگ مارچ مہنگائی مارچ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے اور لانگ مارچ کے ساتھ ہی استعفے دینے پر سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔
ذرائع کا دعوی ہے کہ مسلم لیگ ن اب بھی پی پی پی کے بغیر استعفے دینے پر یکسو نہیں ہوسکی ہے البتہ مارچ کے آخر میں پی ڈی ایم جماعتیں لانگ مارچ کے لئے تیار ہیں ۔
اس سے قبل صوبائی دارالحکومتوں اور بڑے شہروں میں بڑے جلسے کیے جائیں گے ۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف آج ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔