لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 133 لاہور میں میدان مار لیا ہے۔ شائستہ پرویز ملک نے پیپلز پارٹی کے اسلم گل کو شکست دے دی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق پرویز ملک کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ ن نے ٹکٹ ان کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک کو دیا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے اپنے 2018 ء کے امیدوار اسلم گل کو میدان میں اتارا تھا۔
تحریک انصاف کے ضمنی انتخاب سے آؤٹ ہونے کے پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی پکی سیٹ پر اسے بھرپور ٹف ٹائم دیا ہے اور 2018ء کے الیکشن کے مقابلے میں ساڑھے 6 سو فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک نے 46 ہزار 811 ووٹ حاصل کیے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے پیپلز پارٹی کے اسلم گل نے 32 ہزار 313 ووٹ لیے ۔ اسلم گل نے 2018 کےانتخابات میں 5 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔
ضمنی انتخاب میں ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا ۔ رجسٹرڈ ووٹروں میں سے 18.59 فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
شائستہ پرویز ملک کو فتح پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر نے مبارکباد دی ہے۔