نیو دہلی: بھارتی فوج اپنے ہی شہریوں کے لیے خطرہ بن گئی ، بھارتی ریاست ناگا لینڈ میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے 13 بھارتی شہریوں کو ہلاک کر دیا ۔
بھارتی فوجی حکام کے مطابق باغیوں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹرک پر فائرنگ کی گئی ، جس سے 6 افراد ہلاک ہوئے ، فائرنگ کے بعد ریاست ناگالینڈ کے شہریوں نے مشتعل ہو کر فوجی گاڑیوں کو آگ لگا دی ۔
بھارتی فوجیوں نے جواب دیتے ہوئے گولیاں مار کر مزید 7 شہری ہلاک کر دیے ۔ ریاستی حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ۔
اس حوالے سے مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ فوج کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کے بعد اس وقت پورے ضلع میں حالات کشیدہ ہیں ۔ ہمارے پاس 13 تصدیق شدہ اموات ہیں جن میں ناگالینڈ ریاست سے باہر کا ایک مزدور بھی شامل ہے ۔
ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اور قصورواروں کو سزا دی جائے گی ، اُن کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسی کی ناکامی کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا ۔