لاہور: این اے 133 لاہور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ۔
تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخاب کیلئے شائستہ پرویز ملک سمیت 14 امیدوار میدان میں اترے ہیں جبکہ 4 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں ۔ 254 میں سے 21 انتہائی حساس جبکہ 199 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی ۔
لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی الیکشن کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، پولنگ کے دوران امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے 2ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ، جبکہ رینجرز اہلکار بھی گشت کریں گے ۔
ووٹرز کو مکمل چیکنگ کے بعد پولنگ اسٹیشنز میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے ، پولنگ اسٹیشن کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی بھی کی جارہی ہے ۔