ہماری تحریک حکومت کے خاتمے تک چلتی رہے گی، مولانا فضل الرحمان

06:48 PM, 5 Dec, 2020

لکی مروت: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری تحریک اس وقت تک چلتی رہے گی جب تک حکومت کا دھڑن تختہ نہیں ہو جاتا۔ 

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکن لاہور میں 13 دسمبر کو ہونے والے جلسے میں بھر پور شرکت کریں  کیونکہ موجودہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے جبکہ نااہل حکمرانوں کی بھی اب پشت پناہی کی جا رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہم فوج کو دیکھنا چاہتے ہیں اور سب کو آئین کے دائرے میں رہنا ہو گا اور موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر بھارت کے قبضے کو بھی قانونی شکل دے دی۔ اس کے علاوہ نااہل حکمرانوں نے بھارت کو خطے میں بالادستی دلا دی ہے۔ 

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی پوری تاریخ میں ایسا نااہل حکمران نہیں آیا اور وبا کی آڑ میں بچوں کا مستقبل تباہ کیا جا رہا ہے ۔

دوسری جانب مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عوامی رابطہ مہم ، ریلیوں اور جلسوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا یے۔ 

پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں لیگی رہنماوں رانا مشہود اور سائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ ہم عمران خان کا چیلنج قبول کرتے ہیں اور مینار پاکستان پر ان سے بڑا جلسہ کر کے دکھائیں گے۔ 

مزیدخبریں