قائد اعظم ٹرافی، سندھ نے سنٹرل پنجاب کے خلاف 4 وکٹوں پر 152 رنز بنالئے

Quaid-e-Azam Trophy, Sindh scored 152 runs for the loss of 4 wickets against Central Punjab

کراچی:قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے راونڈ کا تیسرا روز مکمل ہونے پر سندھ نے سنٹرل پنجاب کے خلاف 432 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں پر 152 رنز جبکہ بلوچستان نے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالئے،ناردرن کو سدرن پنجاب کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 200 رنز درکار ہیں۔

نیشنل سٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے راﺅنڈ کے میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کے خلاف 432 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹوں پر 152 رنز بنالیے ہیں، سعد علی 24 اور شہزر محمد 26 رنز کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے ۔ شرجیل خان نے سندھ کی جانب سے 138 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ رن آﺅٹ ہوئے ۔

اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہو گئے ۔سنرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود، حسن علی اور قاسم اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم دوسری اننگز میں 247 رنز پر آل آﺅٹ ہو ئی تو اسے 431 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی ۔

سنٹرل پنجاب نے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز 96 رنز 5 کھلاڑی آﺅٹ سے کیا ۔ سعد نسیم گزشتہ روز کے اسکور میں 7 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز بنائے جبکہ علی شان 6 رنز پر آﺅٹ ہو ئے ۔ سنٹرل پنجاب کی اننگز کی خاص بات احمد صفی کے ناٹ آﺅٹ 83 رنز تھے، انہوں نے 60 گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے جارحانہ اننگز کھیلی ۔ سندھ کی جانب سے ابرار احمد نے 40 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ شاہنواز دھانی نے تین اور محمد عمر نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم میں بلوچستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنالئے ہیں ۔ اس طرح خیبر پختونخواہ کی میچ پر گرفت مضبوط ہو چکی ہے اور اسے میچ جیتنے کے لیے 4 وکٹیں درکار ہیں ۔ایاز تصور 17 اور عمید آصف 8 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ علی وقاص نے 44 اور اویس ضیا نے 43 رنز بنائے ہیں ۔ خیبر پختونخواہ کی جانب سے ساجد خان اور محمد وسیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل خیبر پختونخواہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 199 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اسے 399 رنز کی برتری حاصل ہو ئی ۔ خیبر پختونخواہ نے 98 رنز 3کھلاڑی آﺅٹ پر تیسرے روز کھیل کی شروعات کی ۔

گزشتہ روز کے50 رنز پر ناٹ آﺅٹ بیٹسمین اسرار اللہ کی اننگز کا خاتمہ 86 رنز پر ہو، ا انہوں نے 144 گیندوں کا سامنا کیا 8 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ عادل امین 32 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانیو الے میچ میں ناردرن کو سدرن پنجاب کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 200 رنز درکار ہیں، ناردرن کی ٹیم چوتھے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی ۔

میچ کے تیسرے روز سدرن پنجاب کی ٹیم دوسری اننگز میں 295 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی ۔ سلمان علی آغا نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،انہوں نے 121 گیندوں کا سامنا کیا، انہوں نے 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔ عمران رفیق 61 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ضیا الحق 17 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔

ناردرن کے کپتان نعمان علی ایک بار پھر عمدہ بولنگ کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے 107 رنز دے کر 6 بیٹسمینوں کو پویلین بھیجا، انہوں نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔ منیر ریاض ، حماد اعظم ، محمد نواز اور ناصر نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔