13دسمبر کے جلسے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، شبلی فراز

We are not in any danger from the December 13 meeting, Shibli Faraz

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال کے باوجود اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے لئے عوام کو استعمال کرنا چاہتی ہے جس بیانیے پر یہ لوگ چل رہے ہیں یہ ملک دشمنوں کا بیانیہ ہے 13 دسمبر کے جلسے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں پی ڈی ایم میں شامل پارٹیاں ایک صفحہ پر نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی پلان نہیں ہے یہ اقتدار کو اپنا پیدائشی حق سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سب سے بڑے جلسے کئے جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، 13 دسمبر کے جلسے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔ کورونا کی صورتحال کے باوجود اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کے لئے عوام کو استعمال کرنا چاہتی ہے۔ اگر کورونا کی صورتحال نہ ہوتی تو ہم ان سے کہتے کہ روز جلسے کریں ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

پی ڈی ایم میں شامل پارٹیاں آپس میں ایک پیج پر نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن نے ماضی میں اداروں کو تباہ کردیا جس بیانیے پر یہ لوگ چل رہے ہیں یہ ملک دشمنوں کا بیانیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوا ز شریف سے آسان سوالات پوچھے گئے تھے کہ جائیداد کیسے بنائی مگر یہ اس کا جواب نہیں دے سکے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ کے لئے تیار ہیں لیکن یہ این آر او پر بضد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے کورونا سے دنیا بھر میں ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ یہ لوگوں کو اکسا رہے ہیں کورونا کے حوالے سے سپیکر کی سربراہی میں اجلاس بلایا گیا لیکن اپوزیشن اس میں شریک نہیں ہوئی۔

اسحاق ڈار کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ انٹرویو کے بعد ہیرو بن جائیں گے مگر وہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگئے۔ وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کورونا میں جلسوں میں عام لوگوں کو اکسا کر ان کے ساتھ ظلم نہ کرے، عوام کو کرپٹ لوگوں کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔