گوگل کا عہدہ چھوڑ کر تانیہ ایدروس ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ بن گئیں

11:53 PM, 5 Dec, 2019

اسلام آباد: گوگل سنگاپور میں سینئر ترین عہدے پر فائز پاکستانی ماہر تانیہ ایدروس نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور اسی بنا پر وہ ملک میں سکونت اختیار کرکے ڈیجیٹل پاکستان کا اجرا کررہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ، اسلام آباد میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن منصوبے کا افتتاح کیا گیا جس کےمہمانِ خصوصی وزیرِ اعظم عمران خان تھے۔ تانیہ ایدروس نے اپنی پرجوش تقریر میں کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی بنیاد پڑ چکی ہیں اور نادرا جیسی سہولیات موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ’علمی معیشت‘ یا نالج اکانومی کا دور آچکا ہے اور پاکستان میں اکثریت نوجوانوں کی ہے جنہیں ڈیجیٹل علوم اور ٹولز کی تعلیم دے کر ڈیجیٹل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔

 

انڈونیشیا کی مثال دیتے ہوئے تانیہ ایدروس نے کہا کہ نو سال قبل وہاں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ای گورننس اور فائنینشل ٹیکنالوجیز کا آغاز ہوا اور اب وہاں اس شعبے کی سرمایہ کاری 5 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرچکی ہے جس سے خود انڈونیشیا کی معیشت مضبوط ہوئی ہے۔

تانیہ ایدروس نے انٹرنیٹ کی اہمیت پر کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے ساتھ اب انٹرنیٹ کو بھی بنیادی ضروریات میں شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ پاکستان میں اس کی وسیع امکانی استعداد موجود ہے۔

واضح رہے کہ تانیہ ایدروس ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہی سے قبل گوگل سنگاپور میں نیکسٹ بلین یوزرز پروگرام کی سربراہ اور چیف آف اسٹاف رہ چکی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت انہوں نے صارفین اور مارکیٹ کے لیے نئی پراڈکٹس کی تیاری میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزیدخبریں