افغان انٹیلی جنس حکام کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کا سنسنی خیز انکشاف

افغان انٹیلی جنس حکام کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کا سنسنی خیز انکشاف
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد : افغان انٹیلی جنس حکام کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کا سنسنی خیز انکشاف ،جمعیت علماءاسلام ف کے سینیٹر طلحہ محمود نے انکشاف کیا کہ نادرا نے پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کو بھارتی ویزے بھی جاری کیے ۔


سینیٹ کی کابینہ سیکرٹریٹ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں ہوا جہاں ان کا کہنا تھا کہ نادرا نے افغام انٹیلی جنس کے افراد کو شناختی کارڈ جاری کیے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیکڑوں کی تعداد میں افغان اور تاجک شہریوں کو بھی شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں لیکن نادرا نے بعض شناختی کارڈ تاحال بلاک نہیں کیے۔کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور سے تاجک شہریوں کو 150 شناختی کارڈ جاری کیے جن میں سے اکثر کو غیرفعال کردیا گیا ہے۔

طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کے پاسپورٹ پر بھارت کے ویزے بھی لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کی فہرست انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کے حوالے کردی گئی ہے اور آئی بی اس حوالے سے غیر ملکیوں کی تحقیقات کرے گی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے آئی بی سے غیر ملکیوں کے شناختی کارڈز سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ لاہور سے ملنے والے شناختی کارڈ بلاک تو کردیے گئے ہیں لیکن گرفتاریاں عمل میں نہیں لائی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ نادرا نے ایلینز کو شناختی کارڈ کے اجرا روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا۔یاد رہے کہ 2017 میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا اہلکار کے علاوہ 2 ایجنٹس کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔