وزیرخزانہ اسد عمر کے متعلق خبریں صرف پراپیگنڈہ ہے: فواد چوہدری

08:37 PM, 5 Dec, 2018

 لندن :وزیرخزانہ اسد عمر کے متعلق خبریں صرف پراپیگنڈہ ہے۔

لندن سے جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا   کہنا ہے کہ وزیر خزانہ سے متعلق بے بنیاد منفی اور بے بنیاد پراپیگنڈے کا مقصد سنبھلتی ہوئی ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ فوادچوہدری نے کہا کہ اسد عمر اپنی بھرپور صلاحیتوں اور اور محنت کے ساتھ بہترین قومی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے ان کی پیشہ وارانہ قابلیت نے اہم کردار ادا کیا۔

 فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیر خزانہ اسدعمر   کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں۔ وزیرخزانہ کی دن رات کی محنت سے ملک میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو  رہا ہے جبکہ درآمدات میں کمی  آئی ہے، ترسیلات زر  بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معیشت میں پاکستان کی سیاست کی طرح ایک انتہائی مثبت تبدیلی کا عمل مکمل ہو گا۔

خیال رہے کہ  اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کا کہنا تھا کوئی نہیں جانتا کس کی وزارت خطرے میں ہے، یہ راز صرف عمران خان کے سینے میں دفن ہے۔

میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ اسد عمر اور جہانگیر ترین میں اختلاف کی وجہ سے وزیرخزانہ کی وزارت خطرے میں ہے۔ جہانگیر ترین نے ایسی خبروں کو جھوٹ اور حکومت کیخلاف پراپیگنڈہ  قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ  وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے کوئی جھگڑا ہے  نہ ہی کوئی اختلاف۔

مزیدخبریں