سمارٹ فون میں5 جی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والا "سنیپ ڈریگن 855 " پراسیسر متعارف

سمارٹ فون میں5 جی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والا
کیپشن: فوٹو: بشکریہ ٹیک ٹبلیٹس ٹوئٹر اکااونٹ

سان فرانسسکو: سمارٹ فونز کی پراسیسر چپ بنانے والی معروف ٹیکنالوجی کمپنی کوالکوم نے نیکسٹ جنریشن سمارٹ فونز پراسیسر چپ متعارف کروا دی ، اس پراسیسر چپ کو آئندہ سال سمارٹ فونز میں استعمال کیا جائے گا جو فونز میں 5 جی ٹیکنالوجی فراہم کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوالکوم کی سنیپ ڈریگن 855 چپ کو گزشتہ روز ہوائی میں منعقدہ ایک تقریب میں متعارف کروایا گیا ، اس چپ سے سمارٹ فونز میں 5 جی ٹیکنالوجی استعمال ہوگی اور انٹرنیٹ ڈیٹا کی رفتار 4 جی کے مقابلے میں 50 سے 100فیصد تک بڑھ جائے گی۔

کوالکوم کا کہنا ہے کہ سنیپ ڈریگن 855 کو آئندہ سال سام سنگ کے نئے 5 جی سمارٹ فون میں لگا یا جائے گا اور یہ سمارٹ فون 2019 کے پہلے چھ ماہ میں متعارف کرایا جائے گا۔ موڈیم نما اس پراسیسر میں ”کمپیوٹر ورژن“ شامل کیا گیا ہے جو نا صرف چہرہ پہچاننے میں مدد کرے گا بلکہ اس کی مدد سے سمارٹ فون کی گلاس سکرین پر فنگر پرنٹ سنسر کو استعمال کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ جنوبی کورئین کمپنی سام سنگ حالیہ دور میں امریکی معروف ترین کمپنی ایپل کیلئے سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے جس کی بڑی وجہ ایپل اور کوالکوم کے مابین ہونے والی قانونی جنگ ہے جبکہ دیگر رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایپل سال 2020 میں 5 جی سمارٹ فون متعارف کروائے گی۔