لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ اب پنجاب کی اہم شخصیات کے بیمار ہونے کا وقت آ گیا، باقر نجفی رپورٹ آنے کے بعد مقدمے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر کے عہدوں سے ہٹایا جائے اور وزیراعلیٰ اپنے وعدے کے مطابق اپنے عہدے سے فی الفور مستعفی ہوں اور اس سانحہ کی ازسرنو تفتیش کیلئے پانامہ طرز کی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔
قبل ازیں میاں محمودالرشید نے پنجاب اسمبلی میں رپورٹ پبلک کرنے کے عدالتی فیصلے پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ آئین اور قانون کی فتح ہے، اس فیصلے سے مظلوم خاندانوں کو انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی، قرارداد میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو وعدے کے مطابق عہدے سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا گیا.
علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملے پر پاکستان عوامی تحریک اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ برابر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے رپورٹ جاری نہ کی تو معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے اور رپورٹ کے شائع ہونے تک اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنے دیگی۔
رانا ثناء اللہ سے متعلق سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ رانا ثنا تاریخ کے سب سے متنازع وزیر قانون ثابت ہوئے، بدمعاشی، بد زبانی میں انکا کوئی ثانی نہیں، انہوں نے وزیر قانون کو مشورہ دیا کہ کے وہ مستعفی ہوکر خود کو قانون کے سامنے پیش ہوں، تحقیقات میں جرم ثابت نہ ہوا تو بینڈ باجے کے ساتھ واپس اپنے عہدے پر بحال ہو جائیں۔