اسلام آباد: وزیرِ اعظم نواز شریف نے قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہِ طبیعیات کا نام ’ڈاکٹر عبدالسلام سینٹر آف فزکس‘ رکھنے کی منظوری دے دی ۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزارتِ تعلیم کو حکم دیا ہے کہ وہ اِس سلسلے میں باقاعدہ سمری تیار کرے اور صدرِ مملکت کی منظوری کے لیے پیش کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے پاکستانی طلباء کے لیے سالانہ پانچ وضیفوں کا اعلان بھی کیا ہے جو طبیعیات کے شعبے میں پی ایچ ڈی کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے لیے جا سکیں گے۔ اِس پروگرام کو بھی پروفیسر عبدالسلام فیلوشپس کا نام دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے یہ قدم پاکستان کے نامور ماہر طبیعیات ڈاکٹر محمد عبدالسلام کی اپنے شعبے میں عظیم خدمات کے اعتراف کے طور پر اُٹھایا ۔ڈاکٹر محمد عبدالسلام بیسویں صدی میں تھیوریٹکل فزکس یعنی غیر عملی طبیعیات میں دنیا بھر کی نمایاں شخصیات میں شامل تھے اور انہوں نے 1979 میں نوبیل انعام بھی حاصل کیا تھا۔
ڈاکٹر عبدالسلام پہلے پاکستانی اور اسلامی دنیا میں دوسرے شخص تھے جنھیں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔