لاہور: معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے کثیرسرمائے سے بننے والی فلم ’’ شورشرابا ‘‘ کے لیے اپنے طویل فنی سفرکے دوران پہلا آئٹم نمبرریکارڈ کروادیا۔آئٹم نمبرگزشتہ دنوں مقامی اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیا گیا ہے اوراس کوعکسبند کرنے کے لیے پاکستان یا بھارت سے کسی معروف ستارے کا انتخاب کیا جائے گا۔ یہی نہیں اس گیت کوبین الاقوامی معیار کے عین مطابق شوٹ کرنے کے لیے پروڈیوسر سہیل خان دبئی کی خوبصورت لوکیشنز کوفائنل کرنے میں مصروف ہیں ، جب کہ اس کوکوریوگراف کرنے کے لیے بھارتی کوریوگرافر ریشماں خان اوران کی ٹیم کووہاں بلوایا جائے گا۔
اس سلسلہ میں حمیرا ارشد نےبتایا کہ آئٹم نمبرکی شاعری، دھن اورمیوزک ارینجمنٹ دیکھ کرمجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ میں نے بہت دیر سے اس طرح کے گیت گانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی کے لیے ہمیں اسی طرح کا میوزک متعارف کروانا ہوگا۔ اس وقت دنیا بھرمیں بھارتی فلمیں اوران کا میوزک چھایا ہوا ہے۔
ہمارے ہاں اب اچھی فلمیں بن رہی ہیں لیکن ان کا میوزک تاحال پبلک میں مقبول نہیں ہوسکا۔ اس پربہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ لیکن فلمساز سہیل خان نے جس اندازسے اپنی فلم کے میوزک پرکام کیا ہے اورخصوصاً آئٹم نمبر کو بنوایا ہے، اس کا حصہ بن کرمیں یہ کہہ سکتی ہوں کہ آئندہ برس ہمارا گیت شادی بیاہ کی تقریبات کے علاوہ ملک اوربیرون ممالک سجنے والی خصوصی پارٹیوں کی جان ہوگا۔
میں سمجھتی ہوں کہ موجودہ دورمیں آئٹم نمبر فلم اور میوزک کی کامیابی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیارکرچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ میرا پہلا تجربہ ہے مگراس پراجیکٹ کوکرنے کے بعد مجھے اس بات کا شدت سے احساس ہوا ہے کہ مجھے بہت پہلے فلم انڈسٹری کے ساتھ وابستہ ہوجانا چاہیے تھا۔ مگراب تویہی کہہ سکتی ہوں کہ ’’دیرآید درست آید ‘‘۔