قصور: ڈی سی او قصور عمارہ خان کا زیر تعمیر ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھاکشن کا اچانک دورہ ‘متعلقہ افسران کو تعمیراتی کام جلدمکمل کرنے کی ہدایت ‘عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں سستی روی ہرگز برداشت نہ کی جائیگی ۔ تفصیل کے مطابق ڈی سی او قصور عمارہ خان نے گزشتہ روز زیر تعمیر ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھاکشن کا اچانک دورہ کیا ۔ اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز نسیم اختر ‘اسسٹنٹ کمشنر سرمد تیمور ‘ایس ڈی او پرونشل بلڈنگ ‘ایس ڈی او بلڈنگ ‘ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ ڈی سی او عمارہ خان نے ٹی ایچ کیو ہسپتال دورہ کے دوران تعمیراتی کام بروقت مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ڈی او پروانشل بلڈنگ کو ہدایت کی کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کے جنریٹر کو فوری طور پر فنکشنل کیا جائے اور زیر تعمیر بلڈنگ میں موجود نقاص کو فوری طور پر دور کر کے بلڈنگ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کی جائے ۔ڈی سی او نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھاکشن میں پانی کی فراہمی فوری طور پر شروع کرنے اور نکاسی آب میں حائل نقاص کو فوری طور پر دور کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے ای ڈی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کی رہائشی کالونی کیلئے نقشہ جات اور متوقع اخراجات کی تفصیلات جلد ازجلد محکمہ بلڈنگ کو فراہم کریں تا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی رہائش کا انتظام کیا جا سکے ۔ ڈی سی او قصور نے بعدازاں تحصیل کوٹ رادھاکشن میں گندئیاں روڈ پر واقع ڈپننگ پوائنٹ کا جائزہ لیا اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن کو ہدایت کی کہ وہ تمام قانونی تقاضے پورے کر کے اسے فنکشنل بنائیں ۔ ڈی سی او عمارہ خان نے سٹی کوٹ رادھاکشن میں زیر تعمیر سیوریج نظام کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام میں معیار اور کوالٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔