طرابلس :لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں متحارب مسلح دھڑوں کے درمیان دوبارہ جھڑپیں شروع ہو گئیں اور وہ ایک دوسرے کے زیر قبضہ علاقوں کو چھیننے کے لیے کوشاں ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طرابلس سے تعلق رکھنے والی ملیشیاوں اور ان کے متحارب مصراتہ سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند جنگجووں کے درمیان شہر کے مختلف علاقوں پر کنٹرول کے لیے دو ہفتے قبل لڑائی چھڑی تھی۔تب سے وقفے وقفے سے مسلح جھڑپیں جاری ہیں اور جمعرات سے ان میں شدت آئی ہے۔
یہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں تشکیل پانے والی قومی حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہورہی ہیں۔متحارب جنگجو دھڑے گلی محلوں اور بازاروں میں لڑائی کے دوران بھاری ہتھیار استعمال کررہے ہیں جس کے نتیجے میں بیسیوں مکانات اور گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر تباہ شدہ گاڑیاں کھڑی نظر آرہی ہیں۔ جنگجووں نے مختلف علاقوں میں سیمنٹ اور ریت کی رکاوٹیں بھی کھڑی کردی ہیں۔
جس سے اس خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے کہ یہ لڑائی طول پکڑ سکتی ہے۔اس لڑائی میں اب تک متعدد شہری اور جنگجو ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔ میڈیکل ذرائع کے مطابق جنگجو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے زخمیوں کی اسپتال منتقلی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں متحارب ملیشیاوں میں جھڑپیں
01:59 PM, 5 Dec, 2016