اسلام آباد : وزیر اعظم شہبا زشریف کاکہنا ہےکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کو بھارتی چنگل سے آزادی ملے گی۔وزیراعظم شہبازشریف نے آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہوہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کو بھارتی چنگل سے آزادی ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ اقدام سے وہاں کے عوام کی زندگی اجیرن کردی گئیں، 77 سال سے کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے اور 5 اگست 2019 کو کشمیریوں کے حقوق کو غصب کیا گیا۔ا نہوں نے کہاکہ 5 اگست کی بڑی اہمیت ہے، آج کے دن بھارتی حکومت نے غاصبانہ طور پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں کے رہائشیوں کے حقوق کو چھین لیا۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور دفعہ 35 اے کا خاتمہ کرکے مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی لوگوں کو آباد ہونے کا غیرقانونی حق دے دیا گیا، شہریت اور وہاں پر رہنے والے لوگوں کی جائیدادیں ناجائز طور پر خریدنے کا ان کو ناجائز حق دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے، یہ وہ ایک جملہ ہے جب تک مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بھائی اور بہن آزاد نہیں ہوجاتے، جب تک ان کو بنیادی حقوق مہیا نہیں ہوجاتے، پاکستان ہمیشہ کی طرح ان کی پوری اخلاقی مدد کرتا رہے گا اور ہمیشہ کی طرح ان کے لیے تمام عالمی اداروں کے دروازے پر دستک دیتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج 77 سال گزرنے کے باوجود بھی کشمیر کی وادی ہزاروں، لاکھوں کشمیریوں کے خون سے سرخ ہوچکی ہے، ظلم کے جو پہاڑ ان پر ڈھائے گئے وہ داستان پوری دنیا کے سامنے ہے، آج ہم 5 اگست کو اپنے کشمیری بھائی کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کی عظیم جدوجہد کی داستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب انشااللہ کشمیروں کا خون ضرور رنگ لائے گا،انہوں نے بھارت کے ظلم وستم کے آگے سر کو جھکنے نہیں دیا، آج دنیا میں فلسطینی اور کشمیری نسل در نسل اپنی آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں تہران میں اسماعیل ہانیہ کو شہید کیا گیا، پاکستان سمیت دوسرے اسلامی ممالک میں نہ صرف سوگ منایاں گیا بلکہ اس کی بھرپور مذمت کی گئی اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے لیکن پاکستان نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو جارحیت کے لیے استعمال کا کبھی سوچا تک نہیں، بہتر راستہ یہی ہے کہ امن کا راستہ اپنائیں اور بیٹھ کر ان تنازعات کو حل کریں، بھارت کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔