چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری، زمان پارک جانیوالے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں، پولیس ہائی الرٹ

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری، زمان پارک جانیوالے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں، پولیس ہائی الرٹ
سورس: File

لاہور:  چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں  تین سال کی سزا، ایک لاکھ جرمانےاور گرفتاری کے حکم کے بعد لاہور میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی رہائشگاہ کی طرف جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔

سیشن عدالت کی جانب سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ زمان پارک جانے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی ممکنہ گرفتاری کے باعث زمان پارک میں پولیس ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ 

پولیس کی جانب سے مختلف ناکوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔  ذرائع نے مزید بتایا کہ  پولیس نے شہر میں سرگرم پی ٹی آئی کارکنان کی فہرستیں تیار کر لی ہیں،  ممکنہ احتجاج کی صورت میں  کارکنان کے خلاف  کریک ڈاؤن کیے جانےکا امکان ہے۔

سیشن جج اسلام آباد ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں دلائل کے لیے بار بار مواقع کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کے پیش نہ ہونے پر عمران خان کو 3 سال کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ عمران خان پر توشہ خانہ کیس ثابت ہوتا ہے لہذا انہیں سزا سنائی جاتی ہے اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔

 

مصنف کے بارے میں