توشہ خانہ کیس: چیئر مین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا، ایک لاکھ روپے جرمانہ

توشہ خانہ کیس: چیئر مین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا، ایک لاکھ روپے جرمانہ
سورس: File

اسلام آباد:  چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس میں اسلام آباد کی  ڈسٹرکٹ  عدالت نے چیئر مین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا سنا دی۔

 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ  میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت  کرنے والے سیشن جج ہمایوں دلاور  نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم نے جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات دیں۔

جج ہمایوں دلاور  نے کہا کہ  ملزم کو الیکشن ایکٹ کی سیکشن 174 کے تحت 3 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے اس کے ساتھ ساتھ  چئیر مین  پی ٹی آئی  کو ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ 

جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ  توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر الزامات ثابت ہوتے ہیں،  ان پر جھوٹے اثاثے ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہوا، قابلِ سماعت ہونے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہےکہ چیئر مین پی ٹی آئی کے گرفتاری وارنٹ نکالے جاتے ہیں۔  اگر عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں ادا کریں گے تو 6 ماہ مزید قید ہوگی۔

چیئر مین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فیصلہ آتے ہی  زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں