وزیراعظم کے حکم پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ، این ڈی ایم اے کو 5 ارب جاری 

وزیراعظم کے حکم پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ، این ڈی ایم اے کو 5 ارب جاری 
سورس: PID

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ وزراتِ خزانہ کو فوری طور پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 5 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، مشیران، اراکین پارلیمنٹ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، سینئر حکومتی اراکین، چیئرمین این ڈی ایم اے اور ڈی جی محکمہ موسمیات نے شرکت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے درمیان ریسکیو اور ریلیف کے کام کو مؤثر انداز سے سرانجام دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا ریسکیو، ریلیف اور بحالی ایک قومی فریضہ ہے، ہمیں اپنے جماعتی مفادات سے بالا تر ہو کر عوام کی مدد کرنی ہے۔ ہم سیاست بعد میں کریں گے، ابھی اُن لوگوں کی مشکلات کا مداوا کرنے کا وقت ہے جو سخت مشکل میں ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دوروں کے دوران میں نے اتحاد اور قومی یگانگت کی بات کی تاکہ ہم سب مل کر اس بہت بڑے چیلنج سے نمٹ سکیں۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے درمیان ریسکیو اور ریلیف کے کام کو مؤثر انداز سے انجام دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی۔ یہ کمیٹی وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع، وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی، امور کشمیر وگلگت بلتستان کے لیے وزیراعظم کے مشیر قمر الزمان کائرہ، چیئرمین این ڈی ایم اے اور سیکرٹری وزارتِ مواصلات پر مشتمل ہوگی۔

مصنف کے بارے میں