وزیر اعلیٰ محمود خان نے امریکی سفیر سے مل کر عمران خان کے سازش کے بیانیے پر تھپڑ مارا ہے: ملک احمد خان

05:21 PM, 5 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے امریکی سفیر سے ملاقات کرکے عمران خان کے رجیم چینج کے بیانیہ پر تھپڑ رسید کیا ہے۔جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے، وزیراعظم خود سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اور غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ چند روز قبل بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ میں کور کمانڈر کوئٹہ اور ان کے ساتھی شہید ہوئے، ہم اس پر انتہائی غمزدہ ہیں، پوری قوم اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر شدید افسوس ہے کہ اس حوالہ تحریک انصاف کے چند نوجوان جو گمراہی کی حد سے آگے نکل چکے ہیں انہوں نے سوشل میڈیا پر بعض قابل اعتراض پوسٹس لگائیں ۔

ملک احمد خان نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان امریکی سفیر سے مل رہے ہیں اور ان سے امداد اور گاڑیوں کی چابیاں لے رہے ہیں، پھر مجھے یاد آیا کہ امریکی مخالفت اور رجیم چینج والا بیانیہ کہاں گیا۔ امریکی سفیر سے ملاقات کرکے وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نے عمران خان کے رجیم چینج والے بیانیہ پر تھپڑ رسید کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک عدم اعتماد آئی اس کے بعد آج تک یہ لوگ اپنے موقف بدل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آ چکا ہے، عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کس کے کہنے پر کی تھی، اگر ہمت تو عمران خان اس شخصیت یا ادارہ کا نام بتائیں ۔ عمران خان کی پارٹی مخالف فیصلوں پر بوکھلا جاتی ہے، پی ٹی آئی کے سوشل ایکٹوسٹس اداروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں، انہوں نے 25، 25 ہزار روپے ماہوار پر صوبہ خیبرپختونخوا میں سوشل میڈیا میں لوگ رکھے ہوئے ہیں جو اداروں کے خلاف مہم چلاتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے گورنر پنجاب کو یہی تجویز دی ہے کہ وہ پنجاب کے وزرا سے حلف لیں۔8 سال تک پی ٹی آئی عدالتی حکم امتناعی کے پیچھے چھپتی رہی ہے، مخالفین پر یہ جتھوں کے ذریعے حملے کراتے ہیں، تحریک انصاف نے 2014ء سے جو فنڈز لیے ان کی تفصیلات آنا ابھی باقی ہیں ۔ پی ٹی آئی ملک میں نفرت کو فروغ دے رہی ہے جس کی وجہ سے ان کے کارکن مخالفین پر حملہ آور ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں